سندھ حکومت نے این سی او سی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، ہفتے کے روز بازار کھلے رکھنے کا اعلان

شہریوں کو عید کی خریداری کیلئے مزید ایک دن مل گیا

سندھ میں ہفتے کے روز بازار کھلے رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ملک میں کورونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے دیے گئے احکامات کے برعکس 8 مئی کو بھی بازار کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبے میں شہریوں کو 8 مئی بروز ہفتہ بھی شاپنگ کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ لاک ڈاون کا نفاذ 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب سے شروع ہوگا۔

اس سے قبل جمعرات کے روز وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ سندھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے پرائیوٹ اسپتالوں سے بات کی ہے۔نجی اسپتالوں کو کرونا ویکسین دی جائے گی وہ مفت لگائیں گے۔

کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 5 سے 14۔23 فیصد اور حیدر آباد میں 18.1 فیصد سے کم ہو کر 11.92 فیصد ہوگیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ کراچی شرقی اور جنوبی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، وزیر اعلی نے اسپتالوں کے آلات اور کرونا عملے کے آڈٹ کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ جن اسپتالوں میں سہولتیں کم ہیں ان کو فوری پورا کیا جائے۔اجلاس میں عید الفطر کے پیش نظر سخت ہدایات جاری کی گئیں، ترجمان وزیر اعلی ہاوس کے مطابق اتوار سے عید کی چھٹیوں تک مزید سختیاں کی جائیں گی، کل سے اتوار تک ریستورانوں کی ٹیک اوے سروس مغرب تک ہوگی، اس کے بعد مغرب کے بعد صرف ہوم ڈیلوری کی جاسکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں