عالمی تنظیم (فیفا) نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کردی ہے۔ فیفا کانگریس اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی سے متعلق ووٹنگ کرائی گئی۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق پاکستان کی مخالفت میں 203 ووٹ جبکہ حمایت میں صرف 1 رکن نے ووٹ دیا۔فیفا حکام کےمطابق فیفا شرائط ماننے تک

پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔واضح رہے کہ فیفا نے پی ایف ایف کے معاملات میں بیرونی مداخلت پر پاکستان کو رکنیت معطل کرنے کے حوالہ سے وارننگ دی تھی اور فیفا کی جانب سے لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا تھا کہ بدھ 31 مارچ کی رات تک فیڈریشن کا چارج ہارون ملک کے حوالے نہ کیا گیا تو پاکستان فٹبال کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اس سے قبل فیفا نے کہا تھا کہ اسے لاہور میں پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا علم ہوا ہے اور اس دوران سید اشفاق حسین کی حمایت کرنے والے مظاہرین کے ایک گروپ کی جانب سے دفتروں پر حملہ کرنے کے بعد پی ایف ایف کے عہدیداروں اور ملازمین کو وہاں سے نکالنے کی اطلاع ملی ہے۔فٹبال کی عالمی تنظیم نے کہا تھا کہ فیفا ان واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس طرح کی کارروائیوں کو سراسر ناقابل قبول سمجھتی ہے ۔ ہم تمام متعلقہ فریقوں کو ، خصوصا ان افراد کو جنہوں نے پی ایف ایف کے احاطے میں حملہ کیا تھا یاد دلانا چاہتے ہیں کہ بیورو کے فیصلے کے ذریعہ قائم کردہ پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی ہی واحد انتظامی تسلیم شدہ باڈی ہے ہے۔فیفا نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی ۔ فیفا نے کہا تھا کہ پی ایف ایف ہیڈکواٹرز میں عملے کو کام کرنے دیا جائے۔خیال رہے کہ پاکستان سال 2014/15 میں مشکل حالات کے باجود عالمی رینکنگ میں 145 نمبر پر تھا جو اب ریکارڈ تنزلی کے بعد 201 نمبر پر آگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں