مکہ مکرمہ و دیگر سعودی شہروں میں طوفانی بارش کے بعد الرٹ جاری

طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث مکہ اور دیگر کئی شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سعودی محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت

مکہ مکرمہ و دیگر سعودی شہروں میں طوفانی بارش کے بعد الرٹ جاری

مکہ مکرمہ و دیگر سعودی شہروں میں طوفانی بارش کے بعد الرٹ جاری۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے کئی شہر موسلدھار بارشوں کی زد میں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ خاص کر مکہ مکرمہ میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کے بعد سعودی محکمہ سول ڈیفنس کو الرٹ جاری کرنا پڑ گیا۔ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مکہ مکرمہ اور دیگر سعودی شہروں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہیں۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گزشتہ 2،3 روز کے دوران ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

مسجد الحرام میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، تاہم اس کے باوجود زائرین کی جانب سے حرم کے صحن میں طواف جاری رکھا گیا۔ دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے کہ اگلے پانچ روز یعنی آج بُدھ سے لے کر اتوار تک سعودیہ کے پانچ علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ موسمیاتی مرکز کے مطابق مکہ مکرمہ، باحہ، نجران، عسیر اور جازان میں خوب بارشیں ہوں گی۔

آج کے روز بھی مکہ، عسیر اور نجران میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ آج اور کل جمعرات کو ریاض، الشرقیہ اور قصیم میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ ریاض اور الشرقیہ میں بارش سے پہلے کچھ مقامات پر گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے پورے ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں