100

میرا ایمان ہے عمران خان دوسری مدت کے لیے منتخب ہوں گے، عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

ملک کے معروف لوک اور عوامی گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ ان کا ایمان ہے اور انہیں مکمل یقین ہے کہ عمران خان دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہوں گے۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویومیں سیاست اور گلوکاری سمیت نجی زندگی اور اپنی صحت سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں پر بھی کھل کر باتیں کیں۔گلوکار نے بتایا کہ
اگرچہ وہ زائدالعمری کی وجہ سے کمزور ہوچکے ہیں، تاہم ان سے متعلق پھیلنے والی زیادہ تر خبریں غلط ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ لاہور چھوڑ

کر آبائی شہر میاں والی منتقل ہو گئے ہیں، کیوں کہ بڑا شہر ہونے کی وجہ سے لاہور میں کورونا اور ڈینگی جیسے امراض پھیل رہے تھے۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق وہ میاں والی میں زیادہ تر دریائے سندھ کے کنارے وقت گزارتے ہیں، جہاں ان کی جوانی زیرو میٹر ہوجاتی ہے اور انہیں سکون و فرحت محسوس ہوتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں نامور گلوکار نے بتایا کہ وہ بچپن میں ہی گلوکاری کیا کرتے تھے اور اسکول میں اسمبلی کے دوران اچھے طریقے سے ترانہ، دعائیں اور کلام اقبال پڑھا کرتے تھے اور میٹرک کے بعد انہوں نے گلوکاری شروع کردی۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے بتایا کہ انہیں میٹرک میں ایک استاد نے گلوکاری کرتے دیکھا تو انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مشورہ دیا کہ وہ کبھی بھی گیت گانے کو نہ چھوڑیں،

جس وجہ سے ہی وہ گلوکار بنے۔گلوکار کے مطابق وہ پٹھان ہیں، انہیں جوانی میں جس خاتون سے عشق تھا، ان سے ان کی شادی نہ ہوسکی اور گلوکاری کرنے کی وجہ سے قبیلے والوں نے انہیں رشتہ بھی نہیں دیا، انہوں نے دوسری جگہ سے شادی کی۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق ان کے پٹھان قبیلے میں پچاس سال قبل گلوکاری کا کوئی نظریہ ہی نہیں تھا، انہیں شدید مخالفت برداشت کرنی پڑی۔ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے دو شادیاں کیں اور ان کے بڑے صاحبزادے سانول امریکا میں ہیں جب کہ ان کی بیٹی لاریب بھی امریکا میں ہیں اور وہ ہولی وڈ فلموں میں اینیمیشن اور ایفیکٹس ایڈیٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیتی ہیں جب کہ ان کے ایک بیٹے بی بی سی میں ملازمت کرتے ہیں۔

سیاست پر بات کرتے ہوئے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آکر رہے گی، ابھی عمران خان کو محض تین سال ہوئے ہیں اور اتنی کم مدت میں تو کوئی درخت بھی پھل نہیں دیتا۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق تبدیلی کے لیے عمران خان کو مزید کچھ وقت دیا جانا چاہیے اور انہیں یقین ہے کہ ملک میں تبدیلی آکر رہے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے اور ان کا ایمان ہے کہ عمران خان دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہوگا، کیوں کہ وہ انہیں اچھی طرح جانتے ہیں، وہ اچھے شخص ہیں۔انہوں نے عمران خان کے ساتھ اختلافات کی افواہوں کو بھی مسترد کیا اور کہا وہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو اپنا دل دے چکے ہیں۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا کہنا تھا کہ ان کا جب بھی دل چاہتا ہے وہ عمران خان سے ملنے چلے جایا کرتے ہیں اور جب بھی وزیر اعظم کا دل گانے سننے کے لیے بیتاب ہوتا ہے تو انہیں بلالیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں