سوشل میڈیا پر یاسر نواز بھی اہلیہ ندا کا مذاق اڑانے لگے

اداکارو ہدایت کار یاسر نواز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ ندا کا مذاق اڑاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

چند روز قبل مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر کے شو کی ایک پرانی مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ فارمولا ون کار سے متعلق اس کار کوبنانے والے دو طالبعلموں سے سوالات کررہی تھیں۔ لیکن ان کے سوالوں سے اندازہ ہورہا تھا کہ انہیں نا تو فارمولاون کار کے بارے میں کوئی معلومات ہیں اور نہ ہی انہوں نے شو کرنے سے پہلے شو کے موضوع کے حوالے سے تھوڑی سی بھی ریسرچ کرنے کی زحمت گوارا کی ہے۔

اپنی کم علمی اور بے تکے سوالات کی وجہ سے ندا یاسر شو کے دوران کافی عجیب لگ رہی تھیں اور یہی بات سوشل میڈیا صارفین نے بھی نوٹ کی اور ان کا خوب مذاق اڑایا۔ یہاں تک کہ ان کا نام ٹوئٹر پر دو دن تک ٹرینڈ میں رہاتھا۔ لوگوں نے ندا یاسر کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا ندا اپنے شو میں صرف شادیاں ہی کروائیں، تو کسی نے کہا ایسا تب ہوتا ہے جب آپ اپنی ڈگری آن لائن مکمل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ندا پر بہت ساری میمز بھی بنی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’فارمولا ون‘ کارسے متعلق تنقید پرندا یاسرکا ردعمل

جب تنقید حد سے زیادہ بڑھ گئی تو ندا نے خود منظرعام پر آکر اپنی غلطی کے لیے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ وہ کوشش کریں گی کہ شو کے موضوع کے بارے میں مکمل ریسرچ کرکے ہی بات کریں۔

لیکن ندا کا مذاق اڑانے والوں میں صرف سوشل میڈیا صارفین ہی شامل نہیں ہیں بلکہ ان کے شوہر بھی اب ان کا مذاق اڑانے والوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ یاسر نواز نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سر پر ڈوپٹہ اوڑھے ندا کے اسی وائرل کلپ کی نقل کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ یاسر نواز نے اس ویڈیو کے کیپشن کے ساتھ کچھ لکھا تو نہیں صرف ہنسنے والے ایموجی لگائے۔

یاسر نواز کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ دیگر فنکار بھی تبصرے کرتے ہوئے خوب لطف لے رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا اپنی بیوی کی بے عزتی کا موقع مل گیا جب کہ ایک اور صارف نے لکھا گھر نہیں جانا آپ کو بھائی۔ تاہم ندا نے ابھی تک یاسر کی اس ویڈیو پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں