پاکستان49 بھارتی اور بنگلہ دیشی رہائشیوں کو انسانوں کے کھانے پینے کی ناقص اشیاء فروخت کرنے پر ملک بدر کیا جائے گا

کویت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 49 غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا ، بھارتی اور بنگلہ دیشی رہائشیوں کو انسانوں کے کھانے پینے کی ناقص اشیاء فروخت کرنے پر ملک بدر کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق فروانیہ سیکورٹی ڈائریکٹریٹ کے میجر جنرل فراج الزوبی کی سربراہی میں شروع کی گئی مہم کے دوران پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت اور کویت بلدیہ کی ٹیموں کے تعاون سے جلیب الشیوخ علاقے میں عارضی بازاروں میں چھاپے مارے گئے جہاں سے 49 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے بیشتر بھارتی اور بنگلہ دیشی تھے ، اس مہم میں بلدیہ کے 60 سے زائد سیکورٹی اہلکار اور افرادی قوت اتھارٹی مکمل منصوبہ بندی سے شریک ہوئے جہاں ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا اس دوران ان کے فرار کی کوشش کو بھی ناکام بنایا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کو لیبر قانون کی خلاف ورزی کرنے اور انسانوں کی صحت کے لیے نقصان دہ سامان اور اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے پر ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے ضروری انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں کویت میں نوکری کے حصول کیلئے کوشاں غیر ملکیوں کیلئے بری خبر ہے کہ تارکین وطن کو ورک پرمٹ جاری نہ کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا ، حکومت ان تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ کے اجراء پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو بھاری تنخواہیں وصول کررہے ہیں ، کویتائزیشن کی پالیسی کے تحت کویتی شہری ان کی جگہ لیں گے۔
کویتی میڈیا کے مطابق کویت کی وزراء کونسل کئی منصوبوں کا جائزہ لے رہی ہے جس میں کویتائزیشن کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کویتی شہریوں کو نوکری دینے اور سرکاری شعبے میں کام کرنے والے اپنے ہم منصبوں کے برابر مالی فوائد دینا شامل ہے ، اس منصوبے کے تحت حکومت ان تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ کے اجراء پر پابندی عائد کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جو بھاری تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں