وزیراعظم عمران خان آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

وزیراعظم افغانستان سے متعلق پالیسی واضح کریں گے اورمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کامعاملہ بھی اٹھائیں گے۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان آج (جمعہ) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔

وزیراعظم عمران خان کا آج (جمعہ) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب ورچوئل ہوگا جب کہ ان کا خطاب ریکارڈ کیا جاچکا ہے، وزیراعظم افغانستان اور مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے، وزیراعظم افغانستان سے متعلق پاکستانی پالیسی واضح کریں گے۔

وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گے، وزیراعظم کورونا کے خلاف پاکستانی اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے، وزیراعظم کا خطاب تقریباً آدھے گھنٹے کا ہوگا۔
جمعرات کے روز وزیر اعظم عمران خان نے عراقی وزیر اعظم کو ٹیلی فون کرکے اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے عراقی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔

وزیراعظم عمران خان نے عراقی وزیر اعظم کو گزشتہ ماہ بغداد کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارکباد دی ، دونوں وزرائے اعظم نے تجارت ، سرمایہ کاری ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مذہبی سیاحت میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے افغانستان میں آنے والے معاشی بحران کو روکنے کے لئے فنڈز جاری کرنے پر اتفاق کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

جمعرات کے روز اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے91 ویں قومی دن کے موقع پر اپنی حکومت اور پاکستان کے عوام کی طرف سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے تہنیتی پیغام میں دعا کی کہ دور اندیش قیادت کے زیر سایہ مملکت کی مسلسل ترقی کا یہ عمل جاری رہے ۔وزیراعظم سے جمعرا ت کو معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی، وزیرِ اعظم کو پناہ گاہوں کی صورتحال اور بہتری کیلئے بنائے گئے جامع منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

دریں اثنا وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے ۔وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں وفاقی وزرا اور سینئر پارٹی رہنما بھی ہمراہ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں