آتش فشانی لاوے کے درمیان صحیح سلامت رہنے والا ’معجزاتی مکان‘

گرم آتش فشانی لاوے نے پورے جزیرے کو گھیر لیا ہے لیکن یہ مکان معجزاتی طور پر بالکل محفوظ ہے۔ (فوٹو: ایل موندو/ ہسپانوی ویب سائٹ)

سوشل میڈیا پر آج کل ایک ایسے ’معجزاتی مکان‘ کا چرچا ہے جسے چاروں طرف سے آتش فشاں کے گرم لاوے نے گھیر رکھا ہے لیکن پھر بھی وہ اپنی جگہ بالکل صحیح سلامت موجود ہے۔

لکڑی سے بنا ہوا یہ مکان اسپین کے جزیرے لا پاما پر واقع ہے جہاں گزشتہ دنوں ’کمبرے وئیہا‘ آتش فشاں پھٹ پڑا تھا اور اس سے نکلتے ہوئے گرم لاوے نے پورے جزیرے کو گھیر لیا تھا۔

واضح رہے کہ شمالی بحرِ اوقیانوس میں افریقی ساحل سے کچھ دوری پر کئی جزیروں کا ایک سلسلہ ’کینیری آئی لینڈز‘ ہے جس پر اسپین کی حکومت ہے۔ ’لا پاما‘ اِن ہی جزیروں میں سے ایک ہے۔
آتش فشاں کمبرے وئیہا کے لاوے سے پھیلنے والی تباہی اتنی شدید اور بھیانک تھی کہ وہاں رہنے والے 6000 سے زائد افراد کو ہنگامی طور پر یہ جزیرہ خالی کرنا پڑا۔

بعد ازاں امدادی ٹیموں نے جب ہیلی کاپٹر سے اس علاقے کا جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ پورے لا پاما جزیرے میں یہ واحد مکان بالکل صحیح سلامت تھا، جبکہ ارد گرد کے پورے جزیرے پر لاوے کی سیاہی مائل تہہ موجود تھی۔

خبروں سے معلوم ہوا ہے کہ یہ مکان ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ جوڑے کی ملکیت ہے جو سال میں کئی بار قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے یہاں آتا رہتا ہے۔

البتہ، پچھلے سال کورونا وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک وہ میاں بیوی یہاں نہیں آئے اور یہ مکان بھی تب سے خالی پڑا ہے۔

اسپین کے میڈیا نے بھی سارے جزیرے پر مکمل تباہی کے باوجود اس مکان کے مکمل طور پر محفوظ رہ جانے کو ایک غیرمعمولی واقعہ قرار دیا ہے۔

اسی لیے سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسے ’معجزاتی مکان‘ کا نام دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں