پولیس کو ’’گندے ڈائپر‘‘ چرانے والے کی تلاش ہے

اس شخص نے مبینہ طور پر ایک بے بی ڈے کیئر سینٹر کے باہر کچرے کے ڈبے سے درجنوں گندے ڈائپرز چوری کیے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

کینیڈین پولیس آج کل ایک ایسے چور کو ڈھونڈ رہی ہے جس نے کچرے کے ڈبے سے بچوں کے گندے ڈائپر چرائے ہیں۔

خبروں کے مطابق، بچوں کے گندے ڈائپر چرانے کی یہ ’’واردات‘‘ کینیڈین شہر ٹورانٹو کے ڈینفرتھ اینڈ کاکسویل ایوینیوز کے علاقے میں واقع ایک بے بی ڈے کیئر سینٹر کے باہر ہوئی۔

بے بی ڈے کیئر سینٹر کے ملازمین نے پولیس کو بتایا کہ مبینہ چور ایک نوجوان تھا جو جمعے کی صبح وہاں آیا تھا۔
وہ دوپہر سے کچھ پہلے تک سینٹر کے باہر گھومتا رہا اور پھر اچانک ہی اپنی کالی پاور بائیک لے کر کہیں چلا گیا۔

جب ڈے کیئر سینٹر کے ملازمین نے عمارت کے ارد گرد جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ وہ ڈے کیئر سینٹر کے باہر رکھے ہوئے کچرے کے ڈبے میں سے بچوں کے درجنوں گندے ڈائپر چوری کرکے لے گیا ہے۔

اس واردات کی فوری اطلاع پولیس کو دی گئی لیکن ٹورانٹو پولیس اب تک اسے ڈھونڈنے میں ناکام ہے۔

اب پولیس نے اس پراسرار چور کا حلیہ اور دوسری تفصیلات ایک پوسٹ میں انٹرنیٹ پر رکھ دی ہیں تاکہ عوام سے اس تلاش میں مدد لی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں