ایڈمنسٹریٹر کراچی نے حیدرعلی انڈرپاس کو عمر شریف مرحوم سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی

ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کے ایم سی کونسل کی قرارداد کے ذریعے مشہور و معروف فنکار عمر شریف کی فنی خدمات کے اعتراف میں شہید ملت روڈ پر تعمیر کئے گئے حیدر علی انڈرپاس کو عمر شریف مرحوم سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ اقدام انہوں نے حکومت سندھ کے نوٹیفکیشن کے تحت تفویض کردہ اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کیا ہے، قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹرمر تضی وہا ب نے عمر شریف کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر حیدر علی انڈرپاس شہید ملت روڈ کو مرحوم عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا تھا،

سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 85، 86 کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی حدود میں واقع عوام جگہوں اور راستوں کے نام مشہور و معروف شخصیات سے منسوب کرنے کی مجاز ہے، مذکورہ قرارداد نمبر48 ، مورخہ 4 اکتوبر2021 ء کے مطابق یادداشت میٹروپولیٹن کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے پیش کی گئی تھی جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے پاکستان کے مشہور و معروف اداکار عمر شریف کی فنی خدمات کو سراہتے ہوئے شہید ملت روڈ پر تعمیر کئے گئے حیدر علی انڈرپاس کا نام عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کی ہدایت کی تھی، قرارداد کی نقول برائے ضروری کارروائی ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر متعلقہ افسران کو ارسال کردی گئی ہیں،عمر شریف کو ان کی وصیت کے مطابق کلفٹن میں حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں